ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / کسانوں کی مدد کرنے بینکوں سے سدرامیا کی گذارش

کسانوں کی مدد کرنے بینکوں سے سدرامیا کی گذارش

Fri, 26 May 2017 02:44:46    S.O. News Service

بنگلورو:25/مئی(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج بینکوں سے گذارش کی کہ ریاستی حکومت کی طرف سے لاگو کی گئی کرشی بھاگیہ، ہاؤزنگ اور دیگر فلاحی اسکیموں کو کامیابی سے نافذ کرنے میں بینک تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مانسون کی ناکامی کے سبب 160 سے زائد تعلقہ جات خشک سالی سے متاثر ہیں، اسی لئے ان تعلقہ جات کے بینکوں کو چاہئے کہ متاثرہ کسانوں کی مدد کیلئے آگے آئیں، ان کسانوں کو تازہ قرضہ جات کی فراہمی کیلئے قدم اٹھائے جائیں۔ آج اپنی ہوم آفس کرشنا میں 2017-18 کے زرعی قرضہ جات اسکیموں کا اجراء کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ بینکوں کو چاہئے کہ ریاست بھر میں کسانوں کی مدد کیلئے آگے آئیں تاکہ خسارہ کا شکار کسانوں کی معاشی حالت کو مستحکم کیاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے جو بھی فلاحی اسکیمیں لاگو کی گئی ہیں ان کو نافذ کرنے کیلئے بینکوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ضلعی سطح پر جو اسکیمیں ترتیب دی جاتی ہیں ان کا ضلعی سطح پر جائزہ لے کر نفاذ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ 2017-18 کے دوران بینکوں نے 160020کروڑ روپیوں کے قرضہ جات دینے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن ان میں سے 86690 کروڑ روپیوں کی رقم زراعت کیلئے مختص کی گئی تھی، جوکہ خوش آئند ہے۔انہوں نے کہاکہ چھوٹے اور بہت چھوٹے اور درمیانی درجے کی صنعتوں کیلئے 34ہزار کروڑ سے زائد، ہاؤزنگ کیلئے 16ہزار کروڑ سے زائد اور تعلیم کیلئے 3800کروڑ روپیوں کے قرضہ جات کا تعین خوش آئند ہے۔گزشتہ سال 137393 کروڑ روپیوں کے قرضہ جات کا نشانہ طے کیاگیا تھا جو اس بار1.6لاکھ کروڑ مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کسانوں کی فلاح کیلئے کرشی بھاگیہ اسکیم لاگو کرچکی ہے، اسی طرح مویشیوں کی مدد کیلئے پشو بھاگیہ اسکیم لاگو کی گئی ہے، جس کے تحت بکروں، گائے بیل،اور مرغی پالن میں مصروف کاشتکاروں کو بینکوں کے ذریعہ مدد مہیا کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ میٹنگ میں چیف سکریٹری سبھاش چندر کنٹیا، ریاستی بینکرس سمیتی کے چیرمین ارون سریواستو، ڈیولپمنٹ کمشنر وجئے بھاسکر، اڈیشنل چیف سکریٹری آئی این ایس پرساد وغیرہ موجود تھے۔


Share: